وفاقی وزیراطلاعات کاآزادی صحافت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کےسات درجےبہتر ہونےپراظہار تشکر …. عمران میڈیا پریڈیٹرکاڈالاگیاچارسالہ گندرفتہ رفتہ صاف ہورہاہے،مریم اورنگزیب

126

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے آزادی صحافت کی عالمی درجہ بندی میں پاکستان کی 7 درجے بہتری پر تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا کو زدوکوب، اغواءکرنے، گولیاں مارنے، پسلیاں توڑنے، لفافہ، بکائو کہنے، غلیظ کردار کشی کی مہم چلانے والا دور آہستہ آہستہ ختم ہو رہا ہے جس کا عالمی سطح پر بھی اعتراف ہو رہا ہے۔

جمعہ کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان کے ماتھے پر لگا ”میڈیا پریڈیٹر“ کا بدنما داغ دھونے کی کوشش کی جا رہی ہے، ”عمران میڈیا پریڈیٹر“ کا ڈالا گیا چار سالہ گند رفتہ رفتہ صاف ہورہا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے عوام اور میڈیا کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی پوزیشن بہتر ہو رہی ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ایک سال کے دوران میڈیا کے حوالے سے پیش رفت ہونا خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ فیٹف کی گرے لسٹ سے نکلنے کے بعد میڈیا فریڈم انڈیکس میں بہتری کی ایک اور نیک نامی پاکستان کو ملی۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اظہار رائے اور صحافت کی آزادی کی جدوجہد کرنے، صعوبتیں اور ظلم برداشت کرنے والے صحافیوں اور تنظیموں کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کے تعاون و رہنمائی میں بہتری کا یہ سفر جاری رکھیں گے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا فریڈم انڈیکس میں سات درجے بہتری اختلاف رائے برداشت کرنے کا ثبوت ہے۔ آر ایس ایف کی رپورٹ بتا رہی ہے کہ موجودہ حکومت میڈیا سے متعلق جمہوری رویئے پر کاربند ہے۔ انہوں نے کہا کہ سات درجے بہتری اس بات کا ثبوت ہے کہ ہماری سمت درست اور نیت صاف ہے۔ یہ رپورٹ جمہوری عوامی حکومت اور غیر جمہوری مسلط حکومت کے درمیان فرق بتاتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ میڈیا اور اظہار رائے کے آئینی حقوق کو مزید تقویت دینا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 2022ءمیں عمران خان کو میڈیا پریڈیٹر کا خطاب دیا گیا، اس سیاہ دور حکومت کے آخری سال میڈیا فریڈم انڈیکس میں پاکستان 12 درجے نیچے گیا۔

انہوں نے کہا کہ عمران پریڈیٹر کے چار سالہ دور میں پاکستان پریس فریڈم انڈیکس میں 18 درجے نیچے گیا جبکہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں صرف ایک سال کے دوران پاکستان کے میڈیا فریڈم انڈیکس میں 7 درجے کی بہتری آئی۔