اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کو چین کی طرف سے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک) کے ہیرو کا خطاب ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس شخص کی ایمانداری، محنت اور لگن کا اعتراف چین جیسا عظیم ملک کر رہا ہے، اسے سیاسی انتقام میں پاگل ہو کر جیل میں ڈالا گیا، لوگوں کو اکسا کر اور اشتعال دلا کر گولی مروائی گئی، جھوٹے مقدمات بنائے گئے، کردار کشی کی گئی، چین کا بیان ایسے تمام سیاہ کرداروں کے منہ پر طمانچہ ہے۔
پیر کو اپنے ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ چین کی طرف سے یہ اعزاز پاکستان کی خارجہ پالیسی کی بہتری کا بھی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ چار سال میں ملک کو سفارتی تنہائی میں مبتلا کیا گیا تھا، وزیر اعظم شہباز شریف کی قیادت میں گزشتہ ایک سال کے دوران خارجہ محاذ پر پاکستان کے روابط، عزت اور ساکھ بحال ہوئی ہے، الحمدللہ