اسلام آباد ۔ 25 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ سلامتی کے ماحول میں بہتری کے بعد پاکستان اب غیر ملکی سرمایہ کاری اور سیاحت کیلئے محفوظ ملک بن چکا ہے، امید ہے کہ جاپان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے بہتر ماحول اور کاروبار میں آسانیوں کا مثبت ردعمل دیں گے۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کو یہاں پاکستان میں جاپان کے سفیر کونینوری مستودا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات کے دوران پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون، تجارت، سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وفاقی وزیر حماد اظہر نے جاپان کی حکومت کی جانب سے پاکستان کیلئے تکنیکی اور مالی تعاون کو سراہا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ جاپان کے سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروبار کیلئے خصوصی ترغیبات سے بھرپور استفادہ کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کے ماحول میں بہتری سے پاکستان اب سیاحت اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے محفوظ ملک بن چکا ہے۔ جاپان کے سفیر نے وفاقی وزیر کو بتایا کہ بین الاقوامی ترقی کیلئے جاپان کا ادارہ جائیکا پاکستان میں کئی منصوبوں پر کام کر رہا ہے، جائیکا کے زیر اہتمام پاکستان میں پینے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کے منصوبہ پر کام ہو رہا ہے۔