وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق کی بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات

218
وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق کی بیلاروس کے وزیر خارجہ سے ملاقات

اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور دونوں ممالک مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں پرعزم ہیں۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو یہاں بیلاروس کے وزیر خارجہ سرگئی ایلینک سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور اس سال جنوری میں دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔

ملاقات میں پاکستان میں بیلاروس کے سفیر ایگور بیلے اور اقتصادی امور ڈویژن کے قائم مقام سیکرٹری عمیر کریم اور دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے۔ وزیر اقتصادی امور نے بیلاروس کے وزیر خارجہ کا خیرمقدم کیا اور دونوں ممالک کے درمیان دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک مستقبل میں دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے میں پرعزم ہیں۔

سردار ایاز صادق نے دونوں ممالک کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے کامیاب انعقاد کو سراہا اور کہا کہ اس سے دونوں ممالک کے مابین تجارت، زراعت، صحت، سائنس و ٹیکنالوجی، سیاحت، سرمایہ کاری اور صنعتی شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس کے شہری پی ٹی اے پی پروگرام کے تحت پاکستان میں بینکنگ، ریلویز اور پوسٹل کے شعبہ میں تربیت حاصل کر سکتے ہیں۔

بیلاروس کے وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے پر زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کی حکومتوں اور کاروباری برادری کے درمیان تعلقات کا فروغ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس بائیو میڈیکل ٹیکنالوجیز، جیالوجی، مائننگ، زراعت، کھاد سازی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت رکھتا ہے اور پاکستان ان کے تجربات سے استفادہ کر سکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان زراعت کے شعبہ میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔