وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر اور دیگر مقررین کا مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام سیمینار سے خطاب

130

اسلام آباد ۔ 2 اگست (اے پی پی) عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر کو بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے اور غیر جانبدار عالمی اداروں، صحافیوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مقبوضہ کشمیر میں آزادانہ رسائی کیلئے بھارت پر دباﺅ ڈالے، پاکستان ہر فورم پر کشمیر کی سفارتی، اخلاقی مدد جاری رکھے ہوئے ہے اور مسئلہ کشمیر کو حل کرانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرتا رہے گا۔ ان خیالات کا اظہار تحقیقی ادارہ مسلم انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے منعقدہ سیمینار ”لہولہان کشمیر، دنیا کی توجہ کا منتظر“ میں وفاقی وزیر امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر، سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے دفاعی پیداوار کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل (ر) سینیٹر عبدالقیوم ملک، سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، مسلم انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین صاحبزادہ سلطان احمد علی، سابق وزیر خارجہ انعام الحق، سابق سفیر اور اقوام متحدہ میں پاکستان کے سابق مندوب مسعود خان، حریت رہنما غلام محمد صفی اور ڈاکٹر نذیر حسین نے کیا جبکہ ناروے کے سابق پارلیمنٹیرین لارس رائز، انٹرنیشنل ایکشن سنٹر امریکہ کی شریک ڈائریکٹر سارہ فلورنڈر، مشہور برطانوی مصنف و محقق اور صحافی وکٹوریہ شفیلڈ نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔