اسلام آباد ۔ 18 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امورکشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے ترک صدر کے خطاب کے موقع پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کا بائیکاٹ کرکے ایک انتہائی افسوس اور قومی مفاد کے عین منافی عمل کیا۔ جمعہ کوایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بارہا اپنے طرز عمل سے ثابت کیا ہے کہ ان کو ملک کے مفادات سے کوئی سروکار نہیں ہے اور وہ کوئی ایسا موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے جہاں وہ ملک کےلئے مسائل پیدا نہ کریں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ 2014ءمیں چینی صدر کے دورہ کے موقع پر اسلام آباد میں دھرنا دے کر پاک چین اقتصادی راہداری کی صورت میں پاکستان اور چین کے مشترکہ مفادات کو شدید نقصان پہنچایا۔ انہوںنے کہا کہ عمران خان نے اپنی ضد اور انا کے باعث پورے ملک کو ایک غیر یقینی صورتحال سے دوچار کر رکھا ہے، پانامہ لیکس سے متعلق معاملہ اب جبکہ سپریم کورٹ میں ہے اور اس ضمن میں روزانہ کی بنیاد پر کارروائی ہو رہی ہے تو ایسے میں تحریک انصاف کا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے بائیکاٹ سمجھ سے بالاتر ہے۔