وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام کا کشمیر ہاؤس اسلام آباد کا دورہ ،صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات

142
Engineer Amir Maqam
Engineer Amir Maqam

اسلام آباد۔1نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کشمیر ہاؤس اسلام آباد کا دورہ کیا اور صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری سے ملاقات کی اور ان کی خیریت دریافت کی ۔ وفاقی وزیر امیر مقام نے صدر آزاد جموں و کشمیر کی خیریت دریافت کی اور ان کی صحت سے متعلق دریافت کیا اور صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو گلدستہ پیش کیا اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔صدر آزاد کشمیر نے ایوان صدر آمد اور مزاج پرسی پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کا شکریہ ادا کیا ۔

دونوں قائدین نے سیاسی صورتحال پر بات چیت کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں وفاقی حکومت ریاست آزاد جموں و کشمیر کی تعمیر و ترقی اور مسائل کے حل میں اپنا کردار جاری رکھے گی۔ امیر مقام نے کہا کہ بہادر کشمیریوں کی آزادی تک ہر فورم پر ان کی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے اور مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے حال ہی میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں جعلی انتخابات کا ڈھونگ رچا کر دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے لیکن بھارت اپنے ایسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسئلہ کشمیر کو ختم نہیں کر سکتالہذا ایسے حالات میں مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر موثر انداز میں آواز اُٹھائی جائے گی اور دنیا کو بھارت کا مکروہ چہرہ دکھائیں گے۔ وفاقی وزیر امور کشمیرو گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر اپنی سیاسی و سفارتی حمایت کا یقین دلایا۔