وفاقی وزیر امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت ضم شدہ اضلاع میں جرگہ نظام کی بحالی اور دیگر امور کے حوالہ سے اعلیٰ سطحی اجلاس

36

اسلام آباد۔1جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام کی زیر صدارت ضم شدہ اضلاع (سابقہ فاٹا) میں جرگہ نظام کی بحالی اور دیگر امور پر اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔منگل کو یہاں جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا تعارفی اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔اجلاس میں گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی، وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے نمائندے اطلاعات کے مشیر بیرسٹر محمد علی سیف، سیکرٹری امور کشمیر ظفر حسن، چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ، انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخواذوالفقار حمید ، سابق چیف سیکرٹری شکیل درانی ،اعلیٰ حکام، صوبائی وزراء، مشیروںاور سیکرٹریز نے شرکت کی۔

اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے قبائلی اضلاع میں موثر متبادل نظام انصاف کے فروغ پر غورکرتے ہوئے کہا کہ قبائلی عمائدین اور قانونی ماہرین کو مشاورت میں شامل کیا جائے گا،جرگہ سسٹم کو آئینی و عدالتی ڈھانچے سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔ وفاقی وزیرنے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی اور امن و امان کے لیے بھی تجاوز پیش کی جائیں گی،قبائلی عوام کی ترقی کے لیے ان کی مشاورت سے تجاوز مرتب کی جائیں گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پولیس پر انحصار کم، نچلی سطح پر انصاف کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت اس عمل کی کلیدی شراکت دار ہے،ہم مشترکہ طور پر آگے بڑھنے کے لیے پرعزم ہیں۔اجلاس میں گورنر خیبرپختونخوا نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر امیر مقام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ضم شدہ اضلاع کے منتخب نمائندوں اور قبائلی عمائدین کو اس عمل میں شامل کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ قبائلی معاشرہ تاریخی طور پر جرگہ سسٹم پر قائم ہے۔اجلاس میں ذیلی کمیٹی تشکیل دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، آئندہ اجلاس پشاور میں ہوگا۔