اسلام آباد ۔ 30 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پورنے کہا ہے کہحکومت وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گی۔ انہوںنے یہ بات آج اسلام آباد میں گلگت بلتستان کونسل کی جانب سے ٹوررزم پر دی جانے والی بریفنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ انہوںنے کہاکہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں سیاحت کے شعبے میں ترقی کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے اور ان علاقوں میں سیاحت کا شعبہ بیرونی سرمایہ کاروں اور نجی شعبے کے لیے انتہائی پرکشش ثابت ہو سکتا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں ہر سال لاکھوں سیاح سیروتفریح کے لیے آتے ہیں اور اس کے علاوہ غیر ملکی سیاحوں کی بھی کثیر تعداد ہر سال ان علاقوں کا رُخ کرتی ہے۔انہوںنے کہا کہ رہائش اور تفریح کی بہتر سہولیات فراہم کرنے سے ان علاقوں میں سیاحت کے شعبے میں کئی گنا اضافہ ہوسکتا ہے۔