وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور کا یوم دفاع کے موقع پر پیغام

71

اسلام آباد ۔ 5 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے کہا ہے کہ آج کا دن ہم وطنوں کی جانب سے اپنے شہداءکو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرنے کا دن ہے اور آج پاکستان کا ہر فرد اپنے محلے اور اپنے علاقے میں موجود شہداءکے اہلخانہ کو اُن کی لازوال قربانیوں پر سلام پیش کرے گا۔ یوم دفاع کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں وفاقی وزیر نے کہا کہ ان ہی شہداءکی قربانیوں سے آج پاکستان محفوظ ہے اور دہشت گردی کی صورت میں دُشمن کی سازشیں دم توڑ چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان ہی شہداءکے جذبہ حب الوطنی اور قربانیوں کے باعث بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر نہیں دیکھ سکتا اور اسے معلوم ہے کہ پاکستان کے نہ صرف سیکورٹی اداروں کے نوجوان بلکہ پاکستان کا بچہ بچہ شہادت کے جذبہ سے سرشار ہے اور مادر وطن کے دفاع کےلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ جس جذبہ اور ہمت سے سکیورٹی اداروں کے جوانوں نے گذشتہ ایک دہائی سے دہشت گردی کا مقابلہ کرکے اس کو جڑ سے اکھاڑا ہے اس کی تاریخ میںمثال نہیں ملتی۔ علی امین خان گنڈاپور نے کہا کہ بھارت کو پاکستان کے خلاف کسی قسم کی بھی جارحیت سے پہلے یہ سوچ لینا چاہئے کہ ہم جذبہ ایمانی سے سرشار وہ قوم ہیں جن کے سامنے اپنے ایمان اور اپنی سرزمین کی حفاظت سے بالاتر کوئی چیز نہیں ہے اور ان کی حفاظت کےلئے ہم آخری حد تک جانے کےلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔