وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور کا ” رن فار کشمیر ” ٹیلی میراتھن کی افتتاحی تقریب سے خطاب

267

, ف اسلام آباد ۔ 15 اگست (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے ” رن فار کشمیر ” ٹیلی میراتھن کی افتتاحی تقریب کا انعقاد سپورٹس کمپلکس اسلام آباد میں ہوا۔ میراتھن کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین خان گنڈاپور، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز، وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور پارلیمانی سیکرٹری امور کشمیروگلگت بلتستان محترمہ ثوبیہ کمال نے شرکت کی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حقوق کی آواز دنیا کے تمام فورمز کے ذریعے موثر انداز سے اٹھا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے بر سر اقتدار آتے ہی مسلہ کشمیر پر ایک ٹھوس موقف اپنایا اور بھارت پر یہ واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کا بامعنی اور منصفانہ حل چاہتا ہے جس میں مسلہ کشمیر سہر فہرست ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں بھی دنیا کو ایک مضبوط پیغام دیا کہ پاکستان کشمیریوں کا آخری سانس تک ساتھ دے گا اور یہ کہ وہ کشمیریوں کے سفیر اور وکیل بن کر دنیا کے ہر فورم پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کمیشن نے پہلی مرتبہ اعتراف کیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت انسانی حقوق پامال کر رہا ہے جو پاکستان کے موقف کی تائید ہے۔ انہوں نے اس موقع پر دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے پارلیمانی رہنماوں،بین الاقوامی الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کی جانب سے کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انسانی حقوق کے ادارے خاموش تھے جو اب وزیراعظم عمران خان کی کاوشوں سے جاگ گئے ہیں اور اب ہر سطح پر کشمیریوں کے حقوق کی آواز بلند کی جا رہی ہے۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے لوگ پاکستان سے گہری وابستگی رکھتے ہیں اور وہ اپنے شہداکو پاکستان کے سبز ہلالی پرچم میں لپیٹ کر دفن کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کے یوم آزادی پر جشن مناتے ہیں اور بھارت کے یوم آزادی پر یوم سیاہ مناتے ہیں اور یہ سب کچھ پوری دنیا کے لیے ایک واضح پیغام ہے کہ کشمیری کیا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کا ساتھ دینا ہمارا قومی فرض ہے اور دنیا بھر کے تمام مسلمان اور انسان بھی مظلوم کشمیریوں کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارت کا چہرہ بے نقاب کیا ہے اور پوری دنیا نے تسلیم کیا ہے کہ نریندر مودی ایک دہشتگرد اور انتہا پسند آر ایس ایس کے نظریات کا ترجمان ہے۔ وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی حکومت، فوج اور عوام کشمیری بہنوں اور بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے اور کھڑی رہے گی۔ وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بہن بھائی بھی جلد ہی ہمارے ساتھ آزادی منائیں گے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے ورچوئل ٹیلی میراتھن کے بارے بات کرتے کہا کہ ورچوئل ٹیلی میراتھن ایپ سے پوری دنیا میں کشمیریوں کے حقوق سے متعلق آگاہی میں اور اضافہ ہو گا، انہوں نے کہا کہ ایپ کو ڈاون لوڈ کر کے ہر کوئی ”رن فار کشمیر“ ورچوئل ٹیلی میرا تھن میں شامل ہو سکتا ہے اور اپنے کشمیری بہنوں اور بھائیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کر سکتا ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے میراتھن میں حصہ لے کر ”رن فار کشمیر ” ورچوئل میراتھن کا افتتاح کیا۔ تقریب میں ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی کبڈی ٹیم کے علاوہ بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کرنے والے اتھلیٹ اور سائیکلسٹوں کے علاوہ کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی جبکہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی بھرپور جوش و جذبہ سے تقریب میں شرکت کی ہے – اس موقع کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے بچوں، خواتین، معذور افراد، طلبائ و بزرگ شہریوں کی میراتھن بھی منعقد کرائی گئی۔تقریب سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات شبلی فراز اور وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ محترمہ فہمیدہ مرزا نے بھی خطاب کیا اور کشمیریوں سے اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔