وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام کی دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی شدید مذمت

120

اسلام آباد۔28فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے دارالعلوم حقانیہ نوشہرہ اکوڑہ خٹک میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جے یو آئی (س) کے سربراہ مولانا حامد الحق کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ہفتہ کو اپنے تعزیتی پیغام میں انجینئر امیر مقام نے دھماکے میں شہید ہونے والوں کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں نماز جمعہ کے وقت دہشت گردی کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ دکھ اور درد کی اس گھڑی میں اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں، ملک دشمن عناصر کی اس قسم کی بزدلانہ کارروائی سے کبھی بھی قوم کے حوصلے پست نہیں ہو سکتے، ملک دشمن عناصر ملک کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انجینئر امیر مقام نے شہداء کے لواحقین کے لئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔