اسلام آباد ۔ 21 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے عمران خان کے طرز سیاست پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے عمران خان ملک میں انتشار اور تشدد کی سیاست کو ہوا دے رہے ہیں۔ بدھ کو جاری کردہ اپنے ایک بیان میں برجیس طاہر نے کہا کہ آج ملک کو ایک طرف بھارتی جنگی جنون کا سامنا ہے تو دوسری جانب عمران خان ملک کے اندر انتشار پھیلانے کے جنون میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی رہائش گاہ کی طرف عمران خان کے مارچ کا اعلان سیاست میں ان کے غیر ذمہ دارانہ طرز عمل کی عکاسی کرتا ہے جو ہر لحاظ سے قابل مذمت ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے حالات میں جب بھارت ایک جانب مقبوضہ کشمیر میں تاریخ کے بدترین تشدد کو جاری رکھے ہوئے ہے اور دوسری جانب خود ساختہ دہشت گردی کے واقعات کا ارتکاب کر کے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کر رہا ہے‘ ایسے میں عمران خان کا رائے ونڈ جا کر حکومت کے خلاف احتجاج کرنا سمجھ سے بالاتر ہے۔