اسلام آباد ۔ 05 فروری (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم 5فروری کا دن اپنے کشمیری بہن بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مناتی ہے اور کشمیریوں کو یہ یقین دلاتے ہیں کہ ہم صرف زبانی کلامی ہی نہیں بلکہ عملی طور پر بھی آپ کے ساتھ ہیں، اتوار کو پاکستان ٹیلی ویژن کے ایک پروگرام ”ایکسپلور پاکستان“ میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارا جینا مرنا کشمیریوں کے ساتھ ہے اور ہمارے قائد قائداعظم محمد علی جناح نے بھی یہ فرمایا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اس لیے ہم کشمیریوں کو کسی صورت بھی تنہا نہیں چھوڑ سکتے، یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سمیت تمام اہم و بین الاقوامی فورمز پر مسئلہ کشمیر کو بھرپور اور موثر طریقے سے اجاگر کر رہے ہیں جس سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہو رہے ہیں ۔