اسلام آباد ۔ 4 جولائی (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر ‘گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں غیر جانبدار اور شفاف الیکشن کے انعقاد کے لئے پیپلز پارٹی حکومت کی لگائی گئی انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے ‘وزیر اعظم آزاد کشمیر نے دھاندلی کا منصوبہ بنایا ہواہے ‘پیپلز پارٹی ہمیشہ دھاندلی کے ذریعے کامیاب ہوتی ہے ‘حکومت آزاد کشمیر کے ہیلی کاپٹر اور سرکاری ذرائع پیپلز پارٹی کی الیکشن مہم پر استعمال ہو رہے ہیں ‘چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر اس پر نوٹس لیں۔ وہ پیر کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ چوہدری برجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے اپنی پارٹی اور اپنے دور میں بھرتی کیے گئے نائب قاصد تک کے ملازمین کے ذریعے دھاندلی کا پلان بنالیا ہے‘ہم میڈیا سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس حوالے سے حقائق عوام کے سامنے لائے گا تا کہ عوام پیپلز پارٹی کے اصل چہرے کو بھی دیکھ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی ذمہ داریاں مزید بڑھ گئیں ہیں‘ شفاف اور غیر جانبدار الیکشن کے لیے پیپیلز پارٹی دور میں لگائی گئی انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے ‘جب ہمارے امیدوار یا پارٹی کے ذمہ داران اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو درخواست دیتے ہیں تو یہ کہہ کر نمٹا دی جاتی ہے کہ ثبوت نہیں ہیں ‘اس سے بڑا ثبوت اور کیا ہوگا کہ سرکاری ملازمین پانچ سال سے ایک ہی جگہ پرتعینات ہیں‘ انہی ملازمین کے ذریعے دھاندلی کا پلان بنایا گیا ہے ۔