وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام اور نظریاتی گروپ کے رہنماؤں کی ملاقات، نظریاتی گروپ کے خاتمے کا اعلان

219
نواز شریف اور شہباز شریف ملک و قوم کی بہتری کےلئے کام کرتے ہیں،پی ٹی آئی ملک میں سیاسی استحکام نہیں چاہتی، امیر مقام

پشاور۔ 30 اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام اور نظریاتی گروپ کے رہنماؤں کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں نظریاتی گروپ کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔ مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق اشتیاق چٹان کی رہائشگاہ پر نظریاتی مسلم لیگی رہنماؤں اور مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کے درمیان ملات ہوئی، نظریاتی گروپ نے قائد نواز شریف،صدر مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا انجینئر امیرمقام اور مرتضی جاوید عباسی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکیا اور کہا کہ مل جل کر پارٹی کی مضبوطی کے لیے کام کریں گے۔

جرگے سے گروپ کے سربراہ عبدالسبحان خان، ملک عمران، پشاور سے گروپ کے صدر ارباب غلام حیدر خان، ایبٹ آباد سے گروپ کے صدر سردار عبدالرشید نے بھی خطاب کیا اور موجودہ صوبائی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انجینئر امیر مقام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دیر آید درست آید۔ انہوں نے کہا کہ میں نظریاتی گروپ کے تمام لیڈران اور ورکرز کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ آج انہوں نے گروپ ختم کرنے کا اعلان کیا اور ہم پر اعتماد کا اظہار کیا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم سب کو مل جل کر نواز شریف اور شہباز شریف کی قیادت میں کام کرنا ہوگا۔ جرگے میں مردان کے صدر عنایت شاہ باچا، صوابی کے صدر شیراز خان، بونیر کے صدر سالار خان، شانگلہ کے صدر انتخاب عالم، بابر سلیم، نوابزادہ خان، عادل خان، اجاز اکرم باچا، شاہ بخت روان خان، امین اللہ خان، لیاقت خان، اشتیاق خان، جاوید غزالی اور دیگر نے بھی شرکت کی۔