سوات۔ 05 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام سے بر کانڑہ اور کوز کانڑہ سمیت تین یونین کونسلوں کے عمائدین پر مشتمل ایک وفد نے ہفتہ کو مالم جبہ میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران جرگہ نے مقامی آبادی کو درپیش مسائل بالخصوص بجلی کے مسئلے پر اظہار کیا۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے وفد کی شکایات کو بغور سنا اور یقین دہانی کرائی کہ علاقے کے بجلی سے متعلق مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ متعلقہ محکموں کے ساتھ رابطہ کرکے بجلی کی فراہمی میں بہتری اور دیرپا حل کےلیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ جرگہ کے ارکان نے مسائل پر فوری توجہ دینے پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا اور علاقے کی ترقی کےلیے ان کی قیادت اور عزم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔