اسلام آباد۔30جون (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر ،گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام سے سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے ملاقات کی ۔مسلم لیگ (ن )آزاد کشمیر کے جنرل سیکرٹری چوہدری طارق فاروق اور سابق وزیر حکومت سردار نجیب نقی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ملاقات کے دوران آزادکشمیر کی بدلتی ہوئی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسبی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وفاقی وزیر امور کشمیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ایک بڑی سیاسی قوت ہے جو قائد پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں آزادکشمیر کے آئندہ انتخابات میں لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کرے گی۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )ترقی ،خوشحالی اور امید کا نام ہے ،میں نے آزادکشمیر کے جتنے دورے کئے ،میں نے مسلم لیگ (ن )کے کارکنوں میں ولولہ اور جوش دیکھا جو ان کی قائد پاکستان محمد نواز شریف اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے محبت کا عکاس ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی ،اخلاقی اور سفارتی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہو گا ،حال ہی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے وزراء دفاع کے اجلاس میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا ۔انہوں نے تحریک آزادی کشمیر کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن )آزادکشمیر قائد پاکستان محمد نواز شریف کی قیادت میں متحد و منظم ہے اور ہر حلقے میں مسلم لیگ (ن )کے امیدوار مضبوط ترین پوزیشن میں ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے آزادکشمیر میں تین دانش سکول دے کر تعلیمی انقلاب کی بنیاد رکھ دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اپنے دور اقتدار میں پنجاب کو بدل کر رکھ دیا ہے اور اپنے والد کے مشن کو لے کر آگے بڑھ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم الحاق پاکستان کے داعی ہیں اور انشاءاللہ پوری ریاست جموں وکشمیر کا الحاق پاکستان سے ہو کر رہے گا۔