21.1 C
Islamabad
جمعرات, ستمبر 4, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے یو این ایچ سی آر کے...

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام سے یو این ایچ سی آر کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے ریاستی و سرحدی علاقہ جات و امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے پیر کو یو این ایچ سی آر کے اعلیٰ سطحی وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی کر رہے تھے۔ ملاقات میں سیکرٹری سیفران ظفر حسن، جوائنٹ سیکرٹری مہاجرین آغا وسیم احمد اور چیف کمشنر افغان مہاجرین محمد عباس خان اور وزارت سیفران اور وزارت خارجہ کے دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان گزشتہ 45 سالوں سے افغان مہاجرین کے لئے یو این ایچ سی آر کے مسلسل تعاون کا اعتراف کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا رہا ہے اور انہیں تعلیم اور صحت کی سہولیات کے ساتھ تحفظ بھی فراہم کرتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اس وقت1.45 ملین رجسٹرڈ افغان شہری کارڈ ہولڈرز ہیں اور اس میں غیر رجسٹرڈ افغان مہاجرین اور دیگر شہریوں کی بڑی تعداد شامل نہیں ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے تشویش کا اظہار کیا کہ افغان مہاجرین کی امداد اور پاکستان میں ان کی میزبانی کے لئے ترقیاتی فنڈز میں کمی ہے۔یو این ایچ سی آر کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین فلیپو گرانڈی نے چار دہائیوں سے زائد عرصے سے افغان مہاجرین کی میزبانی کرنے پر پاکستان کے عوام اور حکومت کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ یو این ایچ سی آر مہاجرین سے متعلق مسائل پر بات چیت کے لئے اکتوبر میں ایک عالمی مکالمے کا اہتمام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر پاکستان کو خصوصی طور پر مدعو کیا جائے گا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ تقریب دنیا بھر میں پناہ گزینوں اور باقی ماندہ افراد کی مدد کے لئے ایک نئی جہت اور راہیں پیدا کرے گی۔ اعلیٰ سطحی وفد میں یو این ایچ سی آر کے علاقائی دفتر بنکاک کی ریجنل ڈائریکٹر ہائی کیونگ جون، یو این ایچ سی آر کے جنیوا ہیڈ کوارٹرز کے خصوصی مشیر برائے ترقی ہیرو ڈی ویلروشے اور یو این ایچ سی آر کے عالمی کمیونیکیشن سروس کے سربراہ ایون واٹسن شامل تھے۔

 

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں