گلگت۔28اگست (اے پی پی):وفاقی وزیرامور کشمیر ، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے ضلع غذر کے ہیڈکوارٹر گاہکوچ کا دورہ کرکے حالیہ سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والے 12 افراد کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے غم میں شریک ہوئے۔وفاقی وزیر نے وزیرِاعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے شہداء کے ورثاء کو 20،20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس فراہم کیے۔ اس موقع پر امیر مقام نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن امداد فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لیے وفاقی حکومت گلگت بلتستان حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی اور متاثرہ علاقوں کی بحالی اولین ترجیح ہے۔فیڈرل سیکرٹری امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران ظفر حسن اور اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔سابق وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ الرحمٰن، ڈائریکٹر جنرل جی بی ڈی ایم اے ذاکر حسین،ہوم سیکرٹری علی اصغر، کمشنر گلگت ڈویژن اسد ہارون،ڈی سی غزر،اے ڈی سی گوپیس یاسین بھی موجود تھے۔واضح رہے کہ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر گلگت بلتستان کے تین روزہ دورے پر ہیں۔