22.6 C
Islamabad
پیر, ستمبر 1, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این...

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این جی اوز کے ساتھ اجلاس کے دوران فوری امداد کی اپیل

- Advertisement -

اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان اور سیفران انجینئر امیر مقام نے وزارت میں بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این جی اوز کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران سیلاب متاثرین کیلئے فوری امداد کی اپیل کی ہے۔اس موقع پرکلیدی بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این جی اوز کے نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے انجینئر امیر مقام نے کہا کہ وہ ذاتی طور پر کئی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر چکے ہیں اور انہوں نے تباہی کی شدت کو قریب سے دیکھا ہے، ہزاروں افراد اپنے گھروں سے محروم ہو چکے ہیں اور اہم کمیونٹی ڈھانچے تباہ ہوگئے ہیں۔

وفاقی وزیر نے امدادی اور بحالی کے اقدامات میں فوری اور مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ماضی کے بحرانوں میں بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این جی اوز کی کوششوں کو تسلیم کرتے ہیں،آج ہم ایک بار پھر آپ سے اپیل کرتے ہیں کہ روزگار کی بحالی، گھروں کی تعمیر نو اور کمیونٹی ڈھانچے کی بحالی کے لیے فوری تعاون فراہم کریں،ہمیں آپ کی شراکت داری، تکنیکی مہارت اور وسائل کی ضرورت ہے تاکہ ہم لوگوں کی زندگیاں اور کمیونٹیز دوبارہ بنا سکیں۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان اور دیگر علاقوں کے عوام کے لیے امید کی کرن بن سکتے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ریزیڈنٹ کوآرڈینیٹر محمد یحییٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سیلاب سے متعلق امدادی کوششوں میں اقوام متحدہ کے تعاون کی یقین دہانی کرائی، ہم اس مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔اجلاس میں یو این ایچ سی، آئی آر سی، یو این آئی او ایم، جی آئی زیڈ، یونیسف، مالٹیسر انٹرنیشنل، سیو دی چلڈرن، ایکشن اگینسٹ ہنگر، مسلم ہینڈز، ہاشو فائونڈیشن اور ریلیف انٹرنیشنل سمیت کئی بڑی تنظیموں کے نمائندے موجود تھے۔

اجلاس میں وزارت کے سیکریٹری ظفر حسن، کمشنریٹ برائے افغان مہاجرین کے چیف کمشنر عصمت اللہ شاہ اور دیگر سینئر سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران مختلف علاقوں میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کی ویڈیو فوٹیج بھی شرکا کو دکھائی گئی۔بین الاقوامی تنظیموں اور قومی این جی اوز نے سیلاب سے متاثرہ کمیونٹیز کی بحالی میں بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کی۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں