سوات۔ 05 جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے حالیہ سانحہ سوات کے دوران اپنی بہادری اور انسانی خدمت کے جذبے سے قومی سطح پر پذیرائی حاصل کرنے والے رضاکار محمد ہلال سے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے رضا کار محمد ہلال کو پھولوں کا ہار پہنایا اور شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انجینئر امیر مقام نے محمد ہلال کی بے لوث خدمات اور بحرانی حالات میں ان کی بے مثال قربانی کو سراہا۔
وفاقی وزیر نے رضاکار محمد ہلال کو ’’قوم کا سچا ہیرو‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ محمد ہلال کے فوری اور نڈر اقدامات نے قیمتی انسانی جانیں بچائیں اور دوسروں کےلیے ایک قابل تقلید مثال قائم کی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف رضاکار محمد ہلال کو ان کی شاندار عوامی خدمت کے اعتراف میں خصوصی انعام دیں گے۔ وفاقی حکومت رضاکار محمد ہلال کو بہادری اور خدمت کے جذبے پر خصوصی اعزاز سے نوازے گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ایسے افراد قوم کا فخر ہوتے ہیں اور ان کی مکمل حوصلہ افزائی اور پذیرائی ہونی چاہیے۔ پاکستان کو محمد ہلال جیسے ہیروز پر فخر ہے جو مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کےلیے بلا معاوضہ آگے بڑھتے ہیں۔
وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت کی نااہلی کیوجہ سے قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا جو افسوسناک ہے، صوبائی حکومت کے وسائل عوام کیلئے نہیں بلکہ اسلام آباد پر چڑھائی کیلئے استعمال ہوتے ہیں، قیمتی انسانوں جانوں کو بچانا صوبائی حکومت کا کام تھا جو اپنی ذمہ داری سنبھالنے میں بری طرح ناکام ہوئی۔