وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی نوشہرہ گرڈ اسٹیشن پر حملے کی شدید مذمت

114

پشاور۔ 21 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر و صدر مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے نوشہرہ گرڈ اسٹیشن پر پی ٹی آئی کے ایم این اے ذوالفقار علی اور ان کے ساتھیوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وفاقی وزیر انجینئرامیر مقام نے کہا کہ عوامی نمائندوں کا کام عوامی مسائل حل کرنا ہوتا ہے نہ کہ قانون شکنی، اداروں پر حملے اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانا۔

یہ واقعہ خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی حکومت کی ناکامی اور انتشار کی سیاست کا کھلا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ اداروں کے خلاف گالم گلوچ اور ریکارڈ کی تباہی ناقابل برداشت اور قابل مذمت عمل ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ ایسے واقعات قانون کی دھجیاں اڑانے کے مترادف ہیں اور متعلقہ اداروں کو اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کرنی چاہیے تاکہ قانون کی بالادستی قائم ہو۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے عناصر کو مسترد کریں جو سستی شہرت اور افراتفری کے ذریعے اپنا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتے ہیں۔