پشاور۔ 01 جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا انجینئر امیر مقام نے پشاور میں بلدیاتی نمائندوں کے پرامن احتجاج پر پولیس کے تشدد، لاٹھی چارج اور آنسو گیس کی شیلنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بلدیاتی نمائندے عوام کے حقیقی ترجمان اور جمہوریت کی بنیاد ہیں، ان کے جائز مطالبات پر تشدد کا سہارا لینا نہ صرف غیر جمہوری بلکہ حکومتی نااہلی کا کھلا ثبوت ہے۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندوں پر طاقت کا استعمال تحریک انصاف کے دوغلے رویے کو بے نقاب کرتا ہے
جو وفاق میں مظلومیت کا ڈھونگ رچاتی ہے لیکن خیبرپختونخوا میں جمہوری اقدار کو کچلنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑتی۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کا رویہ نہ صرف شرمناک بلکہ جمہوری روایات کے منافی ہے۔ جمہوریت کے علمبردار ہونے کے دعویدار بلدیاتی نمائندوں پر تشدد کرکے اپنی منافقت اور ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں۔۔ انجینئر امیر مقام نے صوبائی حکومت سے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی نمائندوں کے مسائل فوری طور پر حل کیے جائیں اور ایسے غیر انسانی اور غیر جمہوری اقدامات کو روکا جائے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) بلدیاتی نمائندوں کے حقوق کے لیے ان کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر فورم پر ان کی حمایت جاری رکھے گی۔