اسلام آباد ۔ 16 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے آرمی پبلک سکول پشاور کے اندوہناک سانحہ کی چوتھی برسی کے موقع پر اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ معصوم شہداء کے خون کا حساب لینے کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو ہر قیمت پر کامیاب بنایا جائے گا۔ اتوار کو سماجی رابطے کے پورٹل ٹویٹر پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ آج سے چار سال قبل پیش آنے والے آرمی پبلک سکول پشاور کے دہشت گرد حملہ کی ہولناکی ابھی تک ہمارے ذہنوں میں باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں سانحہ کے شہدائ، متاثرہ خاندانوں اور بچ جانے والوں کے لئے دعا گو ہوں اور ان کے غم اور دکھ کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نفرت پھیلانے والوں کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر بھرپور اور فیصلہ کن عملدرآمد کرنا ہو گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=126323