اسلام آباد ۔ 21 دسمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہا ہے کہ نوجوان نسل میں منشیات کے استعمال کی روک تھام کے لئے ڈرگ ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دینے کے لئے قانون سازی کی ضرورت ہے‘ وفاقی دارالحکومت کے تمام سرکاری نہیں صرف ایلیٹ تعلیمی اداروں میں طالبات منشیات استعمال کر رہی ہیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران شازیہ مری کے سوال کے جواب میں وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری نے کہا کہ اسلام آباد کے سکولوں میں طالبات کے ڈرگ کے حوالے سے واضح کرنا چاہوں گی کہ یہ اعداد و شمار سرکاری سکولوں کے نہیں ہیں بلکہ اسلام آباد کے ایلیٹ سکولوں کی طالبات کے حوالے سے رپورٹ جاری ہوئی ہے جہاں ایلیٹ سکول کی 75 فیصد طالبات ڈرگز نہیں لیتیں بلکہ ان میں 75 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔ کابینہ میں بھی اس مسئلے کو زیر بحث لایا گیا۔ یہ بہت بڑا مسئلہ ہے۔ پرائیویٹ سکولوں اور یونیورسٹیوں میں بھی یہ بہت بڑا ایشو بنتا جارہا ہے۔ ڈرگ ٹیسٹنگ کو لازمی قرار دینے کے لئے قانون بنانا پڑے گا۔ اس حوالے سے وزیر تعلیم سے تبادلہ خیال کریں گے۔