اسلام آباد۔22مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس میں”پرسپیکٹوز آن پاکستان” نمائش کا افتتاح کیا۔ پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر آفتاب رانا اور ڈائریکٹر جنرل پی این سی اے ایم ایوب جمالی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ نمائش میں عامر خان، لیوک مائرز، انیتا شنائیڈر اور شہزاد احمد کے کام کو پیش کیا گیا ہے۔ لیوک اور شہزاد نے مناظر، پورٹریٹ اور روزمرہ کی زندگی کے مناظر کی تصاویر نمائش میں پیش کیں جو ملک بھر میں موجود تنوع کو ظاہر کرتی ہیں۔
ایک فوٹو جرنلسٹ عامر خان نے دور دراز کے علاقوں سے دلکش منظر پیش کیے، جو کمیونٹیز اور کہانیوں کی جھلک پیش کرتے ہیں جنہیں اکثر نظر انداز کیا جاتا ہے۔ انیتا شنائیڈر کے پورٹریٹ اور آرٹ فوٹوگرافی نے پاکستان کے مختلف علاقوں کا سفر کیا اور انتہائی شاندار تصاویر سے ان علاقوں کو متعارف کرایا۔وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے اس موقع پر پاکستان کے مختلف علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کرنے اور انتہائی شاندار تصاویر کی نمائش کے انعقاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک خوبصورت ملک ہے جس کی خوبصورتی مثالی ہے، یہاں کی ثقافت کے مختلف رنگ ہیں لیکن ان میں ایک مماثلت بھی ہے۔
انہوں نے فوٹو گرافرز کے کام کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف پاکستان کے مشہور مقامات کی تصاویر بنائیں بلکہ انہوں نے ایسے علاقوں کی تصاویر بھی بنائیں جنہیں نظر انداز کیا گیا اور اب تک اس طرح سے پیش نہیں کیا گیا جس طرح ان کو پیش کرنے کا حق تھا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ پاکستان کے ثقافتی ورثے کے فروغ اور ترویج کے لئے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں ۔
پی این سی اے کے ڈائریکٹر جنرل ایم ایوب جمالی نے کہا کہ پی این سی اے ثقافت کے فروغ کے لئے اپنا کردار ادا کر رہا ہے اور یہ تصاویر کی نمائش بھی اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔نمائش 25 مئی تک جاری رہے گی۔آج 23 مئی بروز جمعہ کو یہاں فوٹو گرافک ورکشاپ بھی منعقد ہوگی جس میں نوجوان فوٹو گرافرز کو ان ماہر فوٹو گرافرز سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔ پی این سی اے نے کیوریٹر مریم احمد کے ساتھ مل کر اس نمائش کے کامیاب انعقاد کو یقینی بنایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=600329