وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی کی زیر صدارت لوک ورثہ کے بورڈ آف گورنرز کا 33واں اجلاس منعقد

86

اسلام آباد۔23مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھچی کی زیر صدارت لوک ورثہ کے بورڈ آف گورنرز کا 33واں اجلاس ادارے کے مرکزی بورڈ روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جن کا مقصد قومی ثقافتی ورثے کے تحفظ، ترویج اور فروغ کے لیے نئی حکمت عملیوں کی تشکیل تھا۔اجلاس میں بورڈ آف گورنرز کے ممبران، متعلقہ سرکاری افسران اور لوک ورثہ کی انتظامیہ نے شرکت کی۔

شرکاء کو ادارے کی کارکردگی، جاری منصوبوں، مالیاتی صورتحال اور مستقبل کے پروگراموں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی ۔وفاقی وزیر نے لوک ورثہ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی ثقافت اور لوک ورثے کے فروغ کے لیے ادارے کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ثقافتی شناخت کو محفوظ رکھنے اور نئی نسل تک منتقل کرنے کے لیے جدید تقاضوں کے مطابق اقدامات اٹھائے جائیں۔

اجلاس میں مختلف تجاویز کی منظوری دی گئی، جن میں لوک ورثہ میوزیم کی تزئین و آرائش، علاقائی ثقافتی میلوں کا انعقاد، ڈیجیٹل آرکائیو کا قیام اور فنکاروں کے لیے معاونتی پروگرام شامل ہیں۔اجلاس کے اختتام پر چیئرمین بورڈ نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ لوک ورثہ مستقبل میں بھی قومی ثقافت کے فروغ میں قائدانہ کردار ادا کرتا رہے گا۔