وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی سے ملالہ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر کی ملاقات، ثقافتی ورثے کے تحفظ اور فروغ پر تبادلہ خیال

70

اسلام آباد۔5جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب کھچی سے پارلیمانی سیکرٹری برائے قومی ورثہ و ثقافت فرح ناز اکبر کے ہمراہ ملالہ فنڈ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر نشاط ریاض نے وزارت کے دفتر میں ملاقات کی۔ وزارت قومی ورثہ و ثقافت سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کا مقصد ملک بھر، بالخصوص گلگت بلتستان میں ثقافتی ورثے کے تحفظ، فروغ اور ثقافتی چیلنجز کے حوالے سے مشترکہ کوششوں پر تبادلہ خیال تھا۔وفاقی وزیر اورنگزیب کچھی نے ملالہ فنڈ کے تعلیم، صنفی مساوات اور ثقافتی ہم آہنگی کے لئے جاری اقدامات کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کا ثقافتی ورثہ ہماری قومی شناخت کا اہم ستون ہے جس کے تحفظ اور ترویج کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

نشاط ریاض نے ملالہ فنڈ کی جانب سے تعلیم اور ثقافت کے شعبوں میں جاری منصوبوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور خاص طور پر گلگت بلتستان میں خواتین اور نوجوانوں کو ثقافتی سرگرمیوں میں شامل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ ملالہ فنڈ نہ صرف تعلیم بلکہ ثقافتی ترقی کو بھی اہمیت دیتا ہے اور پاکستان کے تاریخی و ثقافتی سرمائے کے تحفظ کے لئے حکومت کے ساتھ اشتراک عمل کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

اس موقع پر مختلف تجاویز زیر غور آئیں جن میں مقامی ثقافتوں کی دستاویز کاری، ثقافتی میوزیمز کا قیام، نوجوان فنکاروں کی سرپرستی، اور ثقافتی تقریبات کے انعقاد شامل تھے۔ دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مستقبل میں باہمی تعاون کو بڑھایا جائے گا تاکہ ثقافتی ورثے کو نئی نسل تک منتقل کیا جا سکے۔وفاقی وزیر اورنگزیب کھچی نے ملالہ فنڈ کو وزارت کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور کہا کہ تعلیم اور ثقافت لازم و ملزوم ہیں اور اس سلسلے میں مشترکہ کاوشیں دور رس نتائج لائیں گی۔