اسلام آباد۔15فروری (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے، حکومت دنیا بھر میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔
بدھ کو وزارت سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے متحدہ عرب امارات کے دورہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ دورہ کے دوران وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز وترقی انسانی وسائل ساجد حسین طوری نے پاکستان ایسوسی ایشن دبئی (پی اے ڈی) کا دورہ کیا۔ انہوں نے دبئی میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے ملاقات کی اور ان سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات مذہبی، سماجی، ثقافتی اور کاروباری سطح پر مضبوط ہیں، متحدہ عرب امارات نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ گورنمنٹ سمٹ 2023 کے انعقاد میں متحدہ عرب امارات کا کردار قابل تعریف ہے، ورلڈ گورنمنٹ سمٹ میں پاکستان ابوظہبی ڈائیلاگ کی سربراہ کے طور پر نمائندگی کر رہا ہے، ورلڈ گورنمنٹ سمٹ اور سائیڈ لائن ملاقاتوں کے ملکی معیشت اور ترقی پر مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔
ساجد حسین طوری نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ دنیا بھر میں پاکستانی افرادی قوت کے لئے روزگار کے مزید مواقع پیدا کئے جائیں، سمندر پار پاکستانیز ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل اور ان کی فلاح و بہبود کے لئے تمام اقدامات کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر ساجد طوری نے پاکستان ایسوسی ا یشن دبئی کا کمیونٹی کے لئے خدمات کو سراہا اور بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ پاکستان ایسوسی ا یشن دبئی نے وفاقی وزیر ساجد حسین طوری کا شکریہ ادا کیا۔