اسلام آباد۔20مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین نے سید عاصم منیر کو فیلڈ مارشل بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ کامیاب دفاع وطن اور بہترین جنگی حکمت عملی پرسید عاصم منیر ، فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی کے مستحق ہیں۔
منگل کو وزارت سمندر پار پاکستانیز و ترقی انسانی سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے پاک بھارت کشیدگی میں غیر معمولی قیادت دکھائی اور ان کی قیادت ملک دشمن عناصر کی ناکامی کا سبب بنی۔انہوں نے کہا کہ افواجِ پاکستان نے ہر چیلنج کا دلیری سے مقابلہ کیا۔
پوری قوم کو افواجِ پاکستان اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر پر فخر ہے۔ان کے فیلڈ مارشل بننے سے فوج کا مورال بلند ہو گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کامیابیاں نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ ہیں۔قوم متحد ہے اور افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔فیلڈ مارشل کے طور پر سید عاصم منیر کی قیادت میں ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر ہو گا۔چوہدری سالک حسین نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر جیسے سپہ سالار کے ہوتے ہوئے ملک کا مستقبل روشن ہے۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=599490