اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل چوہدری سالک حسین سے جنوبی افریقہ میں تعینات پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق نے ملاقات کی۔ ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور پاکستانیوں کو جنوبی افریقہ میں روزگار کی فراہمی سے متعلق مختلف تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔بدھ کو وزارت اوورسیز پاکستانیز و ترقی انسانی وسائل سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو مستحکم کرنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی اشد ضرورت ہے، دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کی وسیع گنجائش ہے، زراعت، ٹیکسٹائل، مینوفیکچرنگ اور ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ پاکستان جنوبی افریقہ کو بہترین ورک فورس فراہم کرسکتا ہے، پاکستان اور جنوبی افریقہ کے مشترکہ تجربات مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کی بنیاد کے طور پر کام کر سکتے ہیں۔ جنوبی افریقہ میں پاکستان کے سفیر ملک محمد فاروق نے کہا کہ افریقہ عالمی تجارت کا مستقبل ہے ، پاکستانی تاجروں کو افریقہ میں اپنی موجودگی بڑھانی چاہیے، جنوبی افریقہ میں پاکستانی مصنوعات کیلئے بہت زیادہ گنجائش موجود ہے، افریقہ میں نائیجیریا کے بعد جنوبی افریقہ سب سے بڑی معیشت ہے، یہ واحد افریقی ملک ہے جو جی ٹونٹی کا حصہ ہے، جو پاکستانی تاجر جنوبی افریقہ میں کاروبار کرنے کے خواہش مند ہیں انہیں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔اس موقع پر پاکستانی سفیر ملک محمد فاروق نے جنوبی افریقہ میں پاکستانیوں کو روزگار کی فراہمی کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=586675