اسلام آباد۔21مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر اُمور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین خان گنڈا پور نے میر واعظ مولانا محمد فاروق اور عبدالغنی لون کی برسی کے موقع پر شہید کشمیری رہنماؤں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک حق خودارادیت کے لیے مولانا محمد فاروق شہید اور عبدلغنی لون شہید کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔
جمعہ کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک حق خودارادیت ان عظیم رہنماؤں اور ہزاروں کشمیری نوجوانوں کی لازوال قربانیوں کے باعث زندہ ہے،بہادر کشمیری عوام بھارتی ریاستی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں ، بھارتی قابض افواج نام نہاد سرچ آپریشن کی آڑ میں کشمیری نوجوانوں کو شہید کر رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے،
عالمی ادارے کشمیریوں کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کے لیے بھارت پر دباؤ ڈالیں،مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آ سکتے۔انہوں نے کہا کہ انصاف کے عالمی ادارےمسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین کے منصفانہ حل کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، پاکستان دنیا کر ہر فورم پر کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حقوق کی آواز بلند کرتا رہے گا۔