وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سے ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان کی ملاقات

69

اسلام آباد۔13مئی (اے پی پی):ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن ڈاکٹر محمد جہانزیب خان نے جمعہ کو وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید احمد شاہ سے قومی اسمبلی میں ان کے چیمبر میں ملاقات کی۔ سید خورشید احمد شاہ نے ڈیمز اور آبی وسائل کی اہمیت کے پیش نظر ڈپٹی چیئرمین کو آبی پراجیکٹس کی بروقت منظوری اور ان کیلئے فنڈ کی بروقت دستیابی کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا ہمیں ڈیمز کی توسیع اور تعمیر کیلئے بیک وقت کام کرنا ہے اور اگر ہم نے ون بائے ون ان کی تعمیر و توسیع پر کام کیا تو پھر ہم آبی اور زرعی وسائل میں کبھی خود کفیل نہیں ہو سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں نئے اور زیر تعمیر منصوبوں کیلئے پلاننگ کی مدد درکار ہے تاکہ ہم موجودہ جمود سے باہر نکلیں اور خود انحصاری اور خود کفالت کی منزل کیلئے عملی کوششوں کا آغاز کریں۔انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے نہ صرف منصوبہ بندی وسائل کا ہونا ضروری ہے بلکہ ترقیاتی منصوبوں کی بر وقت تکمیل بھی ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا ملک کو موجودہ معاشی جمود سے نکالنے کیلئے ہمیں محنت اور جانفشانی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر نے سکھر ۔روہڑی روڈ کی پراگرس پر بھی بات چیت کی۔ بعد ازاں وفاقی وزیر آبی وسائل نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود کے ہمراہ ایک اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد حیدر آباد سکھر موٹروے(ایم 6)اور روہڑی برج منصوبے پر کام کی رفتار کا جائزہ لینا تھا- اس منصوبے کے حوالے سے چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے تفصیلی بریفنگ دی۔

سید خورشید احمد شاہ نے اس موقع پر کہا سڑکیں اور نہریں ہماری لائف لائنز ہیں اور ان کی تعمیر و توسیع کے ذریعے تیز ترین ترقی کا ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ ان منصوبوں کیلئے جہاں بھی صوبائی تعاون اور مدد کی ضرورت ہوگی ہم وہ مہیا کریں گے مگر ان منصوبوں کی تکمیل کو جلد از جلد مکمل کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں ہونی چاہئے۔