اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر بجلی خرم دستگیر خان نے لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کیلئے متعلقہ حکام سے تجاویز طلب کر لی ہیں اور کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر لوڈ شیڈنگ کے خاتمے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بلاتعطل بجلی فراہم کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں وزارت پانی و بجلی کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر برائے بجلی انجینئر خرم دستگیر خان اور وزیر مملکت ہاشم نوتیزئی کو بجلی کے شعبہ سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر کو سیکرٹری اور حکام نے وزارت کے ونگز، اداروں، جاری منصوبوں اور مالیاتی چیلنجز کے بارے میں بھی بریفنگ دی۔ انہوں نے حکام سے بجلی کی طلب و رسد کے فرق کے بارے میں دریافت کیا اور فوری طور پر لوڈ شیڈنگ ختم کرنے کے حوالے سےتجاویز طلب کیں۔انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ وہ لوڈ شیڈنگ کو روکنے اور شہریوں کے ساتھ ساتھ صنعتوں کو بجلی فراہم کرنے کے لئے وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر بھرپور طریقے سے عمل کر رہے ہیں تاکہ معاشی ترقی کو ممکن بنایاجا سکے۔
وزیر مملکت نے تمام تقسیم کار کمپنیوں کو عوامی شکایات کے بروقت ازالہ کے لئے ہدایات جاری کیں۔ وزیر نے بجلی کی قیمت کو کم کرنے کے لئے سرکاری پاور پلانٹس کی کارکردگی بڑھانے پر زور دیا۔ انہوں نے وزارت کے کام میں مزید بہتری اور شفافیت کے عزم کا اظہار کیا۔