وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب کا پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب

102

اسلام آباد ۔ 12 جون (اے پی پی) وفاقی وزیر بجلی عمر ایوب نے کہا ہے کہ مسلح افواج نے اپنا بجٹ منجمد کیا اور اس سے ہمیں 172 ارب روپے حاصل ہوئے ہیں، 52 ارب روپے سول حکومت نے کفایت شعاری کے ذریعے بچائے ہیں تاکہ فاٹا میں سڑکیں، ہسپتال، سکول، کالج، یونیورسٹی اور دیگر منصوبے شروع کئے جا سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم عمران خان، مشیر خزانہ اور مسلح افواج کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے برآمدی شعبہ کو ترقی دینی ہے، گیس اور بجلی کے نرخوں میں صنعتوں کو سہولیات دینی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماہانہ 300 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کو سبسڈی دی جائے گی جو کل صارفین کا 75 فیصد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 216 ارب روپے کی سبسڈی بجلی کی مد میں متوسط طبقے کو مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فاٹا کےلئے جو فنڈ مختص کئے گئے ہیں ان کا حجم 152 ارب روپے ہے اور اس میں 83 ارب روپے براہ راست ترقیاتی منصوبوں کے لئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کے لئے بھی فنڈز دیئے جا رہے ہیں۔