اسلام آباد۔7اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور جنید انوار چوہدری سے ڈنمارک کے سفیر جیکب لِنولف نے پیر کو ان کے دفتر میں ملاقات کی ۔ ملاقات میں عالمی تجارت کی مسابقت کو بڑھانے کے لئے پاکستان کے بحری انفراسٹرکچر کو جدید بنانے، پورٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے اور پائیدار طریقوں کو اپنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔اس موقع پر وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ پاکستان اور ڈنمارک کی مشترکہ کوششوں سے سمندری شعبہ مزید مستحکم ہوگا۔
انہوں نے بتایا کہ ڈنمارک پاکستان کے سمندری شعبے میں 2 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جس سے نہ صرف پاکستان کی بندرگاہوں میں جدیدیت آئے گی بلکہ پائیدار ٹیکنالوجیز کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ عالمی تجارت کو بڑھانے کے لئے سبز شپنگ اور قابل تجدید توانائی کا استعمال انتہائی ضروری ہے اور پاکستان اس سمت میں بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے بحری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے ڈنمارک کی سرمایہ کاری قابل ستائش ہے جو دونوں ممالک کی سمندری ترقی میں نئی راہیں کھولے گی۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ پاکستانی بندرگاہوں میں ماحولیاتی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے تاکہ نہ صرف تجارتی سرگرمیاں بڑھ سکیں بلکہ ماحول کو بھی تحفظ فراہم کیا جا سکے۔یہ ملاقات دونوں ممالک کے درمیان سمندری شعبے میں قریبی تعاون اور مشترکہ ترقی کے نئے دروازے کھولنے کی بنیاد ثابت ہوگی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=579197