وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں انٹر نیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے نمائندہ کی ملاقات

45
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں انٹر نیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے نمائندہ کی ملاقات

اسلام آباد۔3جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے پاکستان میں انٹر نیشنل یونین فار کنزرویشن آف نیچر کے نمائندہ محمود اختر نے ملاقات کی ہے۔ملاقات میں سمندری ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ عالمی شراکت داری سمندری ماحولیاتی تحفظ کے لیے ناگزیر ہے،پاکستان کے ساحلی علاقے ماحولیاتی خطرات کی زد میں ہیں،موسمیاتی تبدیلیاں ساحلی علاقوں پر شدید اثر ڈال رہی ہیں،قومی ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں،قومی میری ٹائم پالیسی میں آئی یو سی این کا تعاون قابل ستائش ہے،ماحول دوست سیاحت سے معیشت کو فروغ دیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آلودہ پانی کا سمندر میں اخراج سمندری زندگی کے لیے خطرناک ہے،ماحول دوست فضلہ نظم ٹیکنالوجی کی فراہمی میں مدد کریں گے۔آئی یو سی این کے نمائندہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقامی کمیونٹی کی شمولیت سے پائیدار ترقی ممکن ہے،آئی یو سی این نے پاکستان کی بلیو اکانومی کے اہداف میں تعاون کا اعادہ کیا ہے۔

جنید انوار چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ سمندری حیات کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی اداروں سے روابط مضبوط کیے جا رہے ہیں،ماحول کے تحفظ سے معیشت، صحت اور سیاحت کو فائدہ ہوگا۔ آئی یو سی این جدید سائنسی طریقوں سے ماحولیاتی پالیسی سازی میں مدد فراہم کرے گا۔