وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی کی مختلف ممالک کے سفیروں کے ساتھ ملاقات

102

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وزارتِ بحری امور نے بین الاقوامی میری ٹائم آرگنائزیشن انتخابات کے لئے پاکستان کے امیدواری کے تناظر میں افریقہ اور مشرقی یورپ کے سفیروں کی میزبانی کی ہے۔ وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے مصر ، کینیا ، لیبیا ، مراکش ، صومالیہ ، سوڈان ، آذربائیجان ، بوسنیا اور ہرزیگوینا ، بلغاریہ ، جمہوریہ چیک ، ہنگری ، رومانیہ اور یوکرین کے سفیروں کے ساتھ ملاقات کی تاکہ وزارت بحری امور کے اقدامات، آئی ایم او کے انتخابات اور موجودہ حکومت کے سرمایہ کار دوست ماحول کے بارے میں آگاہی دے سکیں۔دعوت میں مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری جناب عبدالرزاق داؤد اور وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی چودھری فواد حسین نے بھی شرکت کی۔علی زیدی نے نجی جہاز مالکان کے لئے مراعات پر مشتمل نئی شپنگ پالیسی کے بارے میں شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کورنگی فشریز ہاربر کراچی کی بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات پر روشنی ڈالی جوکہ پاکستان کا واحد گہرے پانی کی سمندری ماہی گیری بندرگاہ ہے جس سے پاکستان کی سمندری غذا کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ علی حیدر زیدی نے خاص طور پر پاکستانی سیفئررز اور انکے لئے ایک آن لائن پورٹل کی تشکیل کا ذکر کیا جس سے سی فیئررز کے ڈیٹا تک ڈیجیٹل رسائی حاصل ہوگی، سی فیئررز کو ویزا ایشوز کا سامنا کرنا پڑتا ہے، علی زیدی نے سیفئررز کے ویزوں کی سہولت پیدا کرنے پر زور دیا کیونکہ ان کے پاس اہلیت کی مطلوبہ سند موجود ہے جو بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے۔علی زیدی نے معزز سفیروں کو آئندہ سال میں آئی ایم او کے کیٹیگری سی کے انتخابات لڑنے کے پاکستان کے ارادے کے بارے میں آگاہ کیا۔ آج کے ایونٹ کے اختتام پر علی زیدی نے بلیو اکانومی آف پاکستان پر ایک کتاب تمام سفیروں کو پیش کی۔