وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری کا شہر میں بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی پر تشویش کا اظہار

88
وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری کا شہر میں بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی پر تشویش کا اظہار

اسلام آباد۔21اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری نے شہر میں بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کے روز وفاقی وزیر برائے بحری امور سید فیصل علی سبزواری نے وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کا پہلا دورہ کیا ۔ اس موقع پر چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ نادر ممتاز نے کے پی ٹی کے سینئر عہدیداروں کے ہمراہ وزیر کا استقبال کیا اور چارج سنبھالنے پر مبارکبا دی۔

چیئرمین کے پی ٹی نے نئے تعینات ہونے والے وزیر کو کے پی ٹی کے کام کاج اور جاری سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ بریفنگ سیشن کے دوران وفاقی وزیرفیصل سبزواری نے شہر میں بڑھتی ہوئی سمندری آلودگی پر انتہائی تشویش کا اظہار کیا جو نہ صرف سمندری حیات کو بہت نقصان پہنچا رہی ہے بلکہ شہریوں کے لیے صحت کے بے پناہ مسائل بھی پیدا کر رہا ہے۔

اس مسئلے کے حل کے لیے وفاقی وزیر نے وفاقی حکومت، سندھ حکومت اور کراچی کی تاجر برادری سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ اس کے حل کے لیے کام کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ کے پی ٹی میں سی بی اے نے بھی وزیر سے ملاقات کی اور ان کے روزگار کے مسائل اور خدشات پر تبادلہ خیال کیا جس پر وزیر نے انہیں سہولت فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

وفاقی وزیر نے کراچی کی سڑکوں پر کراچی پورٹ سے کنٹینرز کی نقل و حرکت کے باعث ٹریفک کے مستقل تعطل پر بھی اپنی تشویش کا اظہار کیا۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری میری ٹائم منسٹری اور کے پی ٹی کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔