اسلام آباد۔11نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصراحمد شیخ سے پیر کو ڈنمارک کے وزیر خارجہ کے دورہ پاکستان سے قبل ڈنمارک کی شپنگ کمپنی میرسک لائن کے سینئرحکام نے اہم ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے میرسک لائن کے حکام سےکہا کہ ملک کے بحری شعبے میں 2 بلین امریکی ڈالر کی تاریخی سرمایہ کاری آنا بڑی کامیابی ہے۔ وفاقی وزیر نے حکومت پاکستان پراس اعتماد کا اظہار کرنے پرڈنمارک کی حکومت اور میرسک لائن کا شکریہ ادا کیا۔
میرسک لائن کمپنی کے حکام نے وزارت بحری امور اور حکومت پاکستان پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے سے قبل ہم مطمئن ہیں۔ وفاقی وزیرقیصراحمد شیخ نےمیرسک حکام کو ان کے آپریشنز کو آسان بنانے اور پیش آنے والے کسی بھی چیلنج سے نمٹنے میں مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم میرسک لائن کے ساتھ کام کرنے اور ان کی سرمایہ کاری کے لئے ایک ہموار اور موثر عمل کو یقینی بنانے کے لئے پوری طرح تیار ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ شراکت داری کی شرائط و ضوابط کو حتمی شکل دی جا رہی ہے اور یہ کہ آج کی ملاقات دونوں فریقوں کے درمیان ایک باضابطہ معاہدے سے قبل ایک واضح مفاہمت قائم کرنے میں سازگار ثابت ہوئی۔ وفاقی وزیر نے اس امید کا اظہار کیا کہ یہ تعاون مزید غیر ملکی سرمایہ کاری کی راہ ہموار کرے گا اور پاکستان کے بحری انفراسٹرکچر کی ترقی میں کردار ادا کرے گا۔
ملاقات کے اختتام پروفاقی وزیرقیصرشیخ نے اس بات کا اعادہ کیا حکومت پاکستان سرمایہ کار کی راہ میں رکاوٹ بننے والے تمام مسائل سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرسک لائن کے ساتھ اس شراکت داری سے پورٹس کی ترقی ملازمتوں کی تخلیق اور مجموعی اقتصادی ترقی کے بے شمار مواقع پیدا ہونے کی توقع ہےجس سے عالمی شپنگ انڈسٹری میں پاکستان کی پوزیشن کو مزید مستحکم ہوگی۔