اسلام آباد۔7جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور قیصر احمد شیخ سے چین کی معروف کنسٹرکشن کمپنی کے چیئرمین نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ۔منگل کو چین کی معروف کمپنی چائنہ یونان سنی روڈ اینڈ برج کمپنی لمیٹڈ کے چیئرمین ژب جیاژینگ کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی وفد نے وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ سے ملاقات کی۔ وفد میں کمپنی کے ڈائریکٹرز لیپن اور جیکی چن بھی شامل تھے۔
ملاقات کا مقصد پاکستان کے بحری شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات کا جائزہ لینا تھا۔چینی کمپنی جو اپنی جدید تعمیراتی ٹیکنالوجی کے لئے پہچانی جاتی ہے کو قومی شاہراہوں کی بحالی کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرنے پر وزیراعظم پاکستان کی جانب سے بھی سراہا جا چکا ہے۔وفاقی وزیر نے کمپنی کی عمدہ کارکردگی اور مثبت ساکھ کو سراہتے ہوئے پاکستان اور چینی کمپنیوں کے درمیان دیرینہ تعلقات پر روشنی ڈالی۔انہوں نے چین کے ساتھ جاری تعاون خصوصاً بحری صنعت میں شراکت داری کو مزید فروغ دینے پر زور دیا۔
وفاقی وزیر نے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات اور اقتصادی شراکت داری کو پاکستان کی ترقی میں اہم قرار دیا۔انہوں نے چین-پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے ذریعے انفراسٹرکچر، توانائی اور صنعتی تعاون میں چین کے کردار کو سراہا اور کہا کہ اب اس تعاون کو بحری شعبے تک وسعت دی جائے گی جو دونوں ممالک کے لئے بے حد فائدہ مند ثابت ہوگا۔
فریقین نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات کو اعتماد، باہمی احترام اور مشترکہ اہداف کی بنیاد قرار دیا۔ چینی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کی اقتصادی ترقی اور علاقائی استحکام کے لئے چین کی غیر متزلزل حمایت کا یقین دلایا۔ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی جہاں دونوں جانب سے باہمی تعلقات کو مزید مضبوط کرنے، تجارت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے اور اقتصادی ترقی کے لئے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا گیا۔