17.6 C
Islamabad
بدھ, مارچ 19, 2025
ہومقومی خبریںوفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے رومینہ خورشید عالم...

وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے رومینہ خورشید عالم کی ملاقات

- Advertisement -

اسلام آباد۔18مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے وزیرِاعظم کی کوآرڈینیٹر برائے ماحولیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم نے ملاقات کی ہے۔رومینہ خورشید عالم نے محمد جنید انوار چوہدری کو نئی ذمہ داری سنبھالنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ بحری شعبے میں ماحولیاتی تحفظ اور پائیدار ترقی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔

ملاقات میں ماحولیاتی تبدیلی اور بحری امور کے مشترکہ پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان کے بحری شعبے میں ماحولیاتی استحکام، ساحلی ماحولیاتی نظام کے تحفظ، اور بندرگاہوں و ماہی گیری کے شعبے میں موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے اقدامات پر زور دیا۔وفاقی وزیر محمد جنید انوار چودھری نے ماحولیاتی طور پر محفوظ پالیسیوں کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا اور وزارت کے جاری اقدامات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بلیو اکانومی کے فروغ، مینگرووز کے تحفظ، اور سمندری آلودگی کے خاتمے جیسے منصوبوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے بندرگاہی نظام میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر بھی زور دیا تاکہ کاربن کے اخراج میں کمی لائی جا سکے۔

- Advertisement -

مس رومینہ خورشید عالم نے وزارتِ بحری امور کی کاوشوں کو سراہا اور ماحول دوست پالیسیوں کے نفاذ میں ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت تمام شعبوں، بشمول بحری امور، میں موسمیاتی مزاحمت بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے تاکہ پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔دونوں رہنماؤں نے بین الوزارتی تعاون کو مضبوط کرنے اور پاکستان کی بین الاقوامی ماحولیاتی ذمہ داریوں سے ہم آہنگ پالیسیوں کی تشکیل پر اتفاق کیا۔

مزید برآں، سمندری حیاتیاتی تنوع کے تحفظ، ساحلی علاقوں میں پلاسٹک کی آلودگی کم کرنے اور بندرگاہی نظام میں صاف توانائی کے فروغ جیسے مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات کے اختتام پر ماحولیاتی طور پر محفوظ بحری پالیسیوں کے فروغ اور پاکستان کے ساحلی و بحری شعبے میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=573791

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں