اسلام آباد۔19مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری سے ہچیسن پورٹ ہولڈنگز لمیٹڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر اینڈی چوئی نے ملاقات کی ۔اس موقع پر پاکستان کے بندرگاہی بنیادی ڈھانچے کی بہتری کے لئے پہلے سے مجوزہ ایک ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے تیز تر نفاذ پر بات چیت کی گئی۔اینڈی چوئی نے وفاقی وزیر کو ان کے نئے منصب کی مبارکباد دی اور سرمایہ کاری منصوبے کی جلد تکمیل کے لئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
ملاقات میں انتظامی منظوریوں،بنیادی ڈھانچے کی بہتری اور منصوبے کو درپیش رکاوٹوں کے حل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔یہ منصوبہ کراچی انٹرنیشنل کنٹینر ٹرمینل اور ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینلز لمیٹڈ کی جدت کاری پر مشتمل ہے جس میں ڈیجیٹلائزیشن، خودکار نظام اور ماحول دوست اقدامات شامل ہیں۔ دونوں فریقین نے سرمایہ کاری کے عمل کو تیز کرنے اور متعلقہ اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
وفاقی وزیر نے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ بندرگاہوں کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے بحری سیاحت کے فروغ پر بھی زور دیا اور کہا کہ پاکستان کا ساحلی علاقہ سیاحت کے لئے بہترین مواقع فراہم کرتا ہے۔اینڈی چوئی نے حکومت کی کوششوں کو سراہا ۔فریقین نے منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے ایک مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر اتفاق کیا۔