اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائےتخفیف غربت و سماجی تحفظ /چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے موسمیاتی تبدیلی سے متعلق منعقدہ عالمی کانفرنس میں پاکستان کے موقف کی پذیرائی پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو ذرداری کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کا ماحولیاتی تباہی سے متاثرہ ممالک کیلئے ’’ڈیمج اینڈ لاس” فنڈ بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آج پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئی جان ڈال دی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری کی محض چند ماہ کی کامیاب خارجہ پالیسی کے اثرات آنا شروع ہوگئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے لیے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور ان کے محکمے نے سر توڑ محنت کی ہے۔ گرے لسٹ ہو یا موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی کانفرنس ہر جگہ بلاول بھٹو زرداری کا چرچہ ہے۔شازیہ مری نے بلاول بھٹو زرداری کی قابلیت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ، یورپ اور مشرق وسطی ہر خطے کے مفکرین چئیرمین پی پی پی کی خارجہ پالیسی کو سرہاتے دکھائی دے رہے ہیں۔
بلاول بھٹو زرداری کی ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ پاکستان برطانیہ کے کے ہائی رسک ممالک کی فہرست سے نکال دیا گیا ہے۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ امریکی سیکریٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے بھی تسلیم کیا کہ بلاول بھٹو ذرداری سیلاب متاثرین کے لیے جامعہ پلان لے کر امریکہ آئے ہیں۔ بلاول بھٹو نےمحض 33 سال کی عمر میں دنیا بھر کے رہنمائوں کے اجلاس کی قیادت کی۔ چئیرمین پی پی پی کا دنیا بھر کے رہنمائوں کے اجلاس کی قیادت کرنا پورے پاکستان کے لیے باعث فخر ہے۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے نوجوان وزیر خارجہ کی کامیاب حکمت عملی سے دنیا بھر کے سفیر پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کو دورہ کرتے دکھائی دیئے۔شازیہ مری نے مزید کہا کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا دورہ پاکستان بلاول بھٹو ذرداری اور ان کے محکمے کی مسلسل کوششوں کا ثمر ہے۔ بلاول بھٹو ذرداری نے موسمیاتی انصاف سے ایڈ نہیں ٹریڈ تک کا نعرہ بلند کر کے دنیا بھر کو پاکستان کی جانب گامزن کیا۔بلاول بھٹو زرداری آج صرف پاکستان نہیں بلکہ تیسری دنیا کی توانہ آواز ثابت ہورہے ہیں۔