اسلام آباد۔24مارچ (اے پی پی):پاکستان اور چین کے درمیان انفارمیشن ٹیکنالوجی،ڈیجیٹل معیشت،کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت میں باہمی تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔پیرکووزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری بیان کے مطابق چینی سفیر جیانگ زائیڈونگ نےوفاقی وزیر برائے آئی ٹی وٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔پاکستان میں آئی سی ٹی کی استعداد کار بڑھانے کے لئے چینی تعاون پر بات چیت کی گئی۔
چین کے ساتھ تبادلہ پروگرام اور تربیتی مواقع کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں پاکستان اور چین کا کلاؤڈ کمپیوٹنگ اور مصنوعی ذہانت میں باہمی تعاون اور ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو عملی جامہ پہنانے کے لئے چین کے ساتھ اشتراک جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ پاکستان میں ای-گورننس اور سمارٹ سٹیز کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔پاکستانی طلبہ کے لئے چین میں مصنوعی ذہانت اور ڈیٹا سائنس کے ڈگری پروگرامز پر گفتگوکی گئی ۔
پاکستان اور چین کے درمیان آئی سی ٹی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل گورننس میں تربیتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت ڈیجیٹل ترقی اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زوردیا۔پاکستان اور چین کے درمیان ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل معیشت میں تعاون پر اتفاق کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن میں چین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔چینی سفیر کی جانب سے پاکستان میں ڈیجیٹل ترقی کے لئے بھرپور تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔