وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

49

اسلام آباد ۔ 19 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ملک سے کرپشن کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی احتساب بیورو (نیب) سمیت تمام اداروں کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہیئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کے مقدمات میں ملوث عناصر کو گرفتار کرنا نیب کا فرض ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب کرپشن کی سرگرمیوں میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں کر رہا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) بدعنوان عناصر کی گرفتاریوں پر شور کیوں مچا رہی ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نیب آزادانہ طور پر بلاامتیاز اپنا کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت بدعنوانی میں ملوث کسی بھی شخص کو نہیں چھوڑے گی۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی موجودہ حکومت تمام ملکی اداروں کو مضبوط بنانا چاہتی ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے اہم و ٹھو س اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں۔