اسلام آباد۔11جنوری (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کا مقصد ہے کہ کسی نہ کسی طرح ایک بندہ خود ماردیں جیسے وہ ہمیشہ کرتے ہیں اور پھر وہ اس پر سیاست کریں، ان کا کوئی کاروبار نہیں پھر بھی جائیدادیں کیسے بن گئیں، ان کی چوریاں پکڑی جاچکی ہیں ،ثبوت مل گئے ہیں، شواہد کے مطابق ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن نے ماضی میں مذہب کے نام پر پاکستان کے ساتھ کیا سب کچھ سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن رہنمائوں کو اب پتہ چل چکا ہے کہ ان سے ان کی کرپشن سے بنائی گئی جائیدادوں بارے پوچھا جائے گا اسی لئے یہ پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن جرنیلوں اور ججوں کے خلاف آج بھی نوازشریف اور ان کی بیٹی زہر اگل رہے ہیں انہیں معلوم ہونا چاہئے کہ یہی فوج سرحدوں پر شہادتیں دے رہی ہے، بھارت کے حملوں کے جواب دے رہی ہے لیکن آپ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو بغیر ویزے کے شادیوں پر بلاتے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کے حالات پی پی پی اور ن لیگ دور حکومت میں بھی یہی تھے، ہمارے لیے سب برابر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کے جلسے میں میڈیا ٹیم پر حملے کی بھرپور مذمت کرتا ہوں۔