اسلام آباد ۔ 9 نومبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود کی پالیسیوں اور پروگراموں کے باعث پی ٹی آئی ملک کے مفادات کیلئے کام کرنے والی سب سے بڑی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جو ملک میں سیاسی و اقتصادی استحکام لائے گی۔ ایک نجی ٹی وی چینل سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا وزیراعظم عمران خان ایماندار‘ دیانتدار اور بہادر لیڈر ہیں جس کا پاناما میں نام نہیں آیا اور نہ ہی انہوں نے کبھی کسی این آر او پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کا نواز شریف سمیت دیگر بدعنوان سیاستدانوں کے ساتھ کوئی موازنہ نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم عمران خان تمام بدعنوان عناصر کا احتساب چاہتے ہیں۔ وفاقی و زیر کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان عوام میں ایک مقبول ترین لیڈر ہیں اور ان کے وژن ہی کے باعث 2018ءکے عام انتخابات میں پی ٹی آئی کے رہنما¶ں نے ملک بھر میں کامیابی حاصل کی۔