اسلام آباد۔16مارچ (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے آبی وسائل مونس الٰہی نے کہا ہے کہ داسو پن بجلی منصوبہ کیلئے متاثرین کو ادائیگیوں کا معاملہ 30 جون تک حل کر لیا جائے گا، زیریں کوہستان کے علاقہ میں اعتماد سازی کے اقدامات سے پتن سے داسو تک 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی راہ ہموار ہو گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےبدھ کو داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی سٹیئرنگ کمیٹی کے 18ویں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ کے پی ضلعی انتظامیہ، اپر کوہستان 30 جون 2022 تک 1000 متاثرین کو ادائیگیوں کے حوالے سے معاملات کو مکمل کرے گی، ادائیگی کے بعد زمین کا قبضہ فوری طور پر واپڈا کے حوالے کر دیا جائے گا۔ چیئرمین واپڈا نے کے پی حکومت کی جانب سے مقامی لوگوں کو بجلی کی فراہمی کے اخراجات واپڈا کی جانب سے اپنے ذرائع سے فراہم کئے جانے والے پراجیکٹ کے مالیات سے پورا کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
مونس الہٰی نے کہا کہ کمشنر ہزارہ ماہ رمضان سے قبل پتن اور کوہستان لوئر کے مقامی لوگوں کے ساتھ جرگہ کریں تاکہ 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن پر تعمیر کا کام بغیر کسی تاخیر کے شروع کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مانسہرہ اور دیگر ترقی یافتہ علاقوں سے کوہستان تک خوردنی اشیاء کی نقل و حمل میں ضلعی انتظامیہ کی مدد کے امکانات کو تلاش کیا جائے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتوں میں کمی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ پیڈو پتن کے مقامی لوگوں کو بجلی کی ضرورت کا پتہ لگانے کیلئے دو ہفتوں کے اندر اپنی رپورٹ پیش کرے تاکہ زیریں کوہستان کے علاقے میں اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر ضروری اقدامات کئے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سے داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی تعمیر کیلئے بجلی کی فراہمی کیلئے پتن سے داسو تک 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیر کی راہ ہموار ہو گی۔
اجلاس کو ایڈیشنل سیکرٹری توانائی کے پی نے پیڈو کی طرف سے رپورٹ دو ہفتے کے اندر واپڈا کو جمع کرانے کی یقین دہانی کرائی۔ چیئرمین واپڈا نے بریفنگ میں بتایا کہ واپڈا پراجیکٹ ایریا میں مقامی کمیونٹی کے فائدے کیلئے متعدد سکیمیں چلا رہا ہے، جال کوٹ پل کی تعمیر، فری میڈیکل کیمپس، سہولیات کی فراہمی، مقامی بچوں کیلئے سکول بس، سولر سکیم، مساجد کی تعمیر، ہیلتھ یونٹس وغیرہ شامل ہیں۔
اجلاس میں تین ایجنڈا آئٹمز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اجلاس میں اینہانسڈ سیلف مینیجڈ ری لوکیشن (ESMR) پیکیج کے تحت متاثرین کو ادائیگی کے طریقہ کار پر کے پی حکومت کی تجویز کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پتن سے داسو تک 132 کے وی ٹرانسمیشن لائن کی تعمیرکیلئے دائیں راستے کے مسئلے کے حل کی پیشرفت کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ڈی سی اپر کوہستان نے ESMR پیکیج کے تحت متاثرین کو ادائیگیوں کے طریقہ کار پر مشتمل تجویز دی۔
اجلاس میں سیکرٹری وزارت آبی وسائل، چیئرمین واپڈا، ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن، سینئر جوائنٹ سیکرٹری اکنامک افیئر ڈویژن، ممبر (واٹر) واپڈا، چیف انرجی، پلاننگ کمیشن، ممبر بورڈ آف ریونیو، حکومت خیبرپختونخوا نے شرکت کی۔ کمشنر ہزارہ ڈویژن، ڈی سی کوہستان اپر، ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ توانائی کے پی، اور وفاقی اور صوبائی حکومت کے پی کے کے دیگر افسران کے ساتھ ساتھ ورلڈ بینک کے نمائندے بھی اجلاس میں شریک تھے